2025 اپریل
تمباکو نوشی ترک کرنے کا فیصلہ زندگی کو بدلنے کی جانب ایک قدم ہے۔ یہ درحقیقت تمباکو کے بغیر صحت مند زندگی کی طرف ایک قدم ہے مگر تمباکو نوشی چھوڑنا اتنا آسان نہیں ہے۔ تمباکو کا استعمال ترک کرنے میں کئی اہم چیلنجز درپیش ہیں جن میں نکوٹین کی طلب، نکوٹین نہ ملنے کی علامات اور رویے میں تبدیلی شامل ہیں۔ گو کہ یہ چیلنجز تمباکونوشی چھوڑنے کو مشکل ضرور بناتے ہیں مگر اس پر قابو پانا ناممکن نہیں ہے۔ ایک تمباکونوش صحیح حکمت عملی پر مستقل مزاجی کے ساتھ عمل کرے تو وہ ان ابتدائی مسائل پر بآسانی قابو پا کر تمباکو سے پاک زندگی گزار سکتا ہے۔
پہلا اور سب سے اہم پہلو یہ جاننا ہے کہ ایک تمباکونوش نے اپنی اس عادت کو چھوڑنے کا فیصلہ کیوں کیا ہے۔ اس نے یہ فیصلہ بہتر صحت، پیسہ بچانے یا اپنے خاندان کے افراد اور دوستوں کو سیکنڈ ہینڈ سموکنگ سے بچانے کے لئے کیا ہے! یہ جاننا ضروری ہے کیوں کہ کچھ ایسے لمحات بھی آتے ہیں جب تمباکونوشی چھوڑنے کا یہ عزم کمزور پڑنا شروع ہو جاتا ہے۔ ایسے موقعوں پر وہ خود کو یاد دلا سکتے ہیں کہ انہوں نے یہ قدم کیوں اٹھایا ہے! تمباکو نوشی چھوڑنے کو ترجیح بنایا جائے تو اس سے سگریٹ نوش کا نقطہ نظر واضح رہتا ہے کہ وہ کس مقصد کے لئے اپنی یہ عادت ترک کرنا چاہتا ہے۔ بصورت دیگر، ایک کش اسے دوبارہ تمباکونوشی کی طرف لے جا سکتا ہے۔
جب تمباکو نوش اپنی اس عادت کو چھوڑنے یا دوسرے لفظوں میں یوں کہیے کہ نکوٹین سے چھٹکارا پانے کا فیصلہ کرتا ہے تو اس کے اثرات تین قسم کی علامات کی صورت میں ظاہر ہوتے ہیں جن میں جسمانی اثرات، روّیے میں تبدیلیاں اور نکوٹین کی طلب شامل ہیں۔ نکوٹین نہ ملنے سے سگریٹ نوش کو جن جسمانی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ان میں بنیادی طور پر سر درد، تھکاوٹ اور جی متلانے کی کیفیت شامل ہیں۔
چڑچڑاپن، اضطراب یا روّیے میں تبدیلی جذباتی اثرات ہیں۔ یہ اثرات عارضی ہیں مگر ان پر مناسب انداز میں قابو پانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تو یہ تمباکونوش کے لئے دوبارہ تمباکو کا استعمال شروع کرنے کا سبب بن سکتے ہیں۔
ان علامات کا سامنا کرنے پر روزمرہ زندگی کے روٹین میں چھوٹی لیکن اہم تبدیلیاں کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ سب سے پہلے زیادہ پانی و مشروبات کا استعمال کرنا چاہیے۔زیادہ مقدار میں پانی پینا زہریلے مادوں کو جسم سے باہر نکالنے میں مدد کرتا ہے اور اسے ہائیڈریٹ رکھتا ہے۔ یہ سر درد اور تھکاوٹ کو بھی کم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ صحت مند غذاء کا استعمال کرنا چاہیے کیوں کہ پھلوں، سبزیوں اور پروٹین سے بھرپور متوازن غذا خون میں شوگر کی سطح میں توازن پیدا کرنے سمیت چڑچڑاپن اور طلب میں کمی لاتی ہے۔ روزمرہ کے معمولات میں ایک اور مثبت تبدیلی باقاعدگی سے ورزش کرنا ہے۔ جسمانی سرگرمی نامی کیمیکل خارج کرتی ہے جو موڈ کو بہتر بناتی ہے اور بے چینی کو دور کرتی ہے۔(Endorphins)اینڈورفنز محتاط و ہوشیار اور پرسکون رہنا کامیابی کے ساتھ تمباکونوشی چھوڑنے کے لئے اہم ہے۔ گہری سانسسیں لینا، توجہ مرکوز رکھنا، یا یوگا کرنا تناؤ اور اضطراب سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ دوستوں اور خاندان کی مدد بھی تمباکونوشی چھوڑنے کی کوشش میں اہم کردار کرتی ہے۔ متعدد تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ جیسے دوست تمباکو کا استعمال شروع کرنے کی ایک بڑی وجہ ہیں، اسی طرح وہ اس عادت کو دوبارہ شروع کرنے کی بھی ایک بڑی وجہ ہیں۔ دوست، خاندان اور معاون گروپس تمباکونوشی ترک کرنے کی اس کوشش میں مدد کرسکتے ہیں۔ وہ تمباکونوشوں کی حوصلہ افزائی کریں اور ان پر نظر رکھیں تاکہ وہ تمباکوکا استعمال نہ کر سکیں۔
ایک تمباکونوش کے لئے بھی یہ ضروری ہے کہ وہ خود کو اپنی دلچسپی کے کاموں اور سرگرمیوں میں مصروف رکھے۔ پڑھے، نئی چیزوں یا سرگرمیوں میں دلچسپی لے اور خود کو ان میں مصروف رکھے۔ جب تمباکونوش کو سگریٹ کی طلب ہو گی تو اس وقت نئی دلچسپیوں کی تلاش کی یہ جستجو اس کی توجہ کو تمباکو کے استعمال سے ہٹانے میں مدد فراہم کرے گی۔ سب سے اہم بات یہ کہ ہر وہ دن یا ہفتہ یاد رکھیں جو آپ نے تمباکو نوشی کے بغیر گزارا ہے کیونکہ یہ آپ کی کامیابی ہے۔ آپ ان کامیابیوں پر جشن منائیں، چاہے وہ چھوٹے چھوٹے ہی کیوں نہ ہوں اور اپنے آپ کو انعام کے طور پر کسی بامعنی چیز سے نوازیں۔
اگر یہ اقدامات اٹھانے کے باوجود بھی تمباکونوشی چھوڑنے کے اثرات پر قابو پانے میں کامیابی نہ ملے بلکہ وہ مزید بڑھ جائیں تو آپ رہنمائی کے لیے کسی ماہر ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔ مشاورت، تھراپی اور ویرینکلن جیسی دوائیں اضافی مدد فراہم کر سکتی ہیں۔
یہ ہمیشہ ذہن میں رہنا چاہیے کہ تمباکو نوشی ترک کرنے کے حیرت انگریز فائدے ہیں۔ تمباکو کا استعمال چھوڑنے کے بعد ہفتوں کے اندر سانس لینے میں بہتری آتی ہے۔مہینوں کے اندر، دل کی بیماری کا خطرہ کم ہو جاتا ہے اور سالوں میں زندگی کی مدت بڑھ جاتی ہے۔یہ بجا طور پر کہا جاتا ہے کہ تمباکو نوشی چھوڑنے کا مطلب صرف یہ نہیں ہے کہ آپ نے تمباکو کا استعمال ترک کر دیا ہے بلکہ اس کا یہ بھی مطلب ہے کہ آپ نے ایک صحت مند اور خوشگوار زندگی کا آغاز کر دیا ہے۔